Saturday, February 22, 2025

شیکھر دھون نے 2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل کی ناکامی کی وجہ بتا دی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ایمبیسیڈر شیکھر دھون نے اعتراف کیا ہے کہ 2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں ان کی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی تھی۔

لاہور کے شاہی قلعہ میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب میں شیکھر دھون کا ایک ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا، جس میں انہوں نے 2017 کے فائنل کے دوران اپنی ٹیم کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔

شیکھر دھون نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں بھارت نے شاندار کارکردگی دکھائی، تاہم فائنل میں جلد وکٹیں گرنے کی وجہ سے ٹیم دباؤ میں آ گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ ہمیشہ خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، جہاں ہر کوئی اس مقابلے پر نظریں جمائے رکھتا ہے اور دونوں ٹیمیں بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں۔

مزید گفتگو کرتے ہوئے شیکھر دھون نے 2013 کی چیمپئنز ٹرافی کو اپنے کیریئر کا یادگار ایونٹ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے شاندار کم بیک کیا اور مشکل کنڈیشنز میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی سنچری کو یادگار لمحہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب میں 2017 کے چیمپئن پاکستان کے کپتان سرفراز احمد سمیت متعدد کھلاڑی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو جیف آلڈر ڈائس، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران، حکومتی شخصیات اور سابق کرکٹرز بھی موجود تھے۔

تقریب میں پاکستان کے سابق کرکٹرز محمد حفیظ، جنید خان، محمد عامر، اظہر علی اور حارث سہیل سمیت چیمپئنز ٹرافی کے برانڈ ایمبیسیڈر، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر جے پی ڈومینی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

اہم خبریں