بھارتی ڈانسر اور اداکارہ راکھی ساونت نے پاکستانی مذہبی شخصیت مفتی عبدالقوی کے ساتھ شادی کی خبروں پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں سنبھال نہیں سکیں گے۔
حال ہی میں راکھی ساونت اور مفتی قوی کی شادی کی قیاس آرائیاں اس وقت سامنے آئیں جب مفتی قوی نے ایک پوڈکاسٹ میں مشروط طور پر راکھی ساونت سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس کے جواب میں راکھی ساونت نے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ وہ مولانا سے شادی کی خواہش رکھتی ہیں اور انہوں نے مفتی قوی سے شاعری بھی سنانے کی فرمائش کی تھی۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں راکھی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شادی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ مفتی قوی کی کتنی بیویاں ہیں، لیکن وہ خود اتنی طاقتور ہیں کہ ان کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔
راکھی ساونت نے اپنی محبت کی تلاش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت میں حقیقی محبت نہیں ملی، اور اکثر لوگ انہیں محض ایک سیڑھی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں تو ان کے پاکستان آنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔
راکھی ساونت نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک باوقار اور اچھی لڑکی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مفتی قوی نے دعویٰ کیا تھا کہ راکھی ساونت نے ان سے نکاح کے لیے 14 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے میزبان کو بھی نکاح میں شرکت اور گواہ بننے کی پیشکش کی تھی۔