Saturday, February 22, 2025

مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم فعال، ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی توقع

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے 22 فروری تک ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہوگا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بارش اور پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم پاکستان کے تقریباً 70 سے 80 فیصد شمالی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کے امکانات موجود ہیں۔

بلوچستان میں اس سسٹم کے تحت مختلف شہروں میں اچھی بارش متوقع ہے، خاص طور پر کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور خضدار میں برفباری ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب، سندھ میں اس سسٹم سے بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، تاہم سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

مغربی ہواؤں کے باعث بلوچستان کے ساحلی علاقوں، بشمول گوادر، پسنی، تربت اور اوڑمارہ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں 19 سے 21 فروری کے دوران بارش کے کئی اسپیل متوقع ہیں، خاص طور پر جنوبی اور وسطی پنجاب میں 2 سے 3 بارشوں کا سلسلہ آ سکتا ہے، جبکہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں بھی 2 سے 3 بارشوں کے اسپیل متوقع ہیں۔ کراچی میں اس سسٹم کے باعث بارش کے امکانات موجود نہیں، تاہم خشک اور گرد آلود موسم میں بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ، شہر میں ہوا میں نمی کی مقدار زیادہ رہے گی اور فروری کے آخری دنوں میں موسم کچھ حد تک سرد ہو سکتا ہے۔

مجموعی طور پر، اس مغربی سسٹم کے بعد ملک کے شمالی علاقوں میں سردی کی ایک نئی لہر داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

اہم خبریں